ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / شیرور کی گرین ویلی نیشنل اسکول اور پی یوکالج میں سالانہ جلسہ :طلبا نے پیش کئے دلچسپ اور   رنگارنگ ادبی و ثقافتی پروگرام؛ آئی جی پی کی شرکت

شیرور کی گرین ویلی نیشنل اسکول اور پی یوکالج میں سالانہ جلسہ :طلبا نے پیش کئے دلچسپ اور   رنگارنگ ادبی و ثقافتی پروگرام؛ آئی جی پی کی شرکت

Sat, 04 Jan 2020 20:26:28    S.O. News Service

بھٹکل:4؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)گرین ویلی نیشنل اسکول اور پی یو کالج  شیرور کا سالانہ اجلاس 4جنوری 2020بروز سنیچر کو اسکول صحن میں رنگا رنگ تہذیبی و ثقافتی پروگراموں کے ساتھ منعقد ہوا۔

مغربی زون کے آئی جی پی جے ارون چکرورتی (آئی پی ایس) نے جلسے میں مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں گزشتہ تین برسوں سے اسکول کے سامنے سے گزرنے والی قومی شاہراہ سے گذرتا رہا ہوں اور  جب بھی گذر ہوتا ہے تو اسکول کے متعلق سوچتا رہتا ہوں کہ  یہاں کے تعلیمی معیار کے متعلق جاننا چاہئے ، آج  یہاں کا ماحول ، بچوں  کا نظم وضبط ، ان کی سرگرمیوں کو دیکھتا ہوں تو محسوس ہورہاہے کہ یہ اسکول اعلیٰ  معیار پر قائم ہے۔ انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ اُن لوگوں کی زندگی کا مطالعہ کریں جنہوں نے    دنیا میں  بڑے کارنامے انجام دئے ہوں۔ مزید کہا کہ اگر آپ ایسے لوگوں کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں گے تو آپ کو معلوم ہوگا  کہ انہوں نے  اپنی جوانی  میں ہی بڑے بڑے  کارنامے انجام دئے ہیں۔  انہو ں نے اساتذہ سے کہاکہ وہ بچوں کے بہتر اخلاق پرزور دیں ان میں  بھائی چارگی اور قومی یک جہتی  بڑھانے کے لئے کا م کریں۔ بچوں کو سکھائیں کہ وہ سبھی مذاہب کا احترام کریں ، اگر اساتذہ ان باتوں کا خیال رکھیں گے تو ہمارا ملک بہتر طور پر ترقی کرے گا۔

ماہے منی پال کے جنرل سرویس کے ڈائرکٹر کرنل بی پرکاش چندرا نے بطور اعزازی مہمان طلبا سے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی ایک میدان کو منتخب کرکے آگے بڑھیں۔ غلطیاں ہی انسان کو آگے بڑھاتی ہیں، انسان غلطیوں سے ہی سیکھتا ہے۔ زندگی آسان نہیں ہے اس میں نشیب و فرا ز آتے رہتےہیں، ان سب کو حل کرتےہوئےاپنی منزل کو پہنچنا ہے۔ ایک اور اعزازی مہمان کستوربا میڈیکل کالج منی پال کی پروفیسر  سُما نائرنے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ طلبا اس بات کو یاد رکھیں کہ زمانہ ترقی کی طرف گامزن ہے  آج جو کچھ ہوتاہے وہ کل پرانا ہوجاتاہے۔ان حالات میں طلبا کو صرف اور صرف  علم اورتعلیم ہی پر زور دینا ہے  جو ہر بات سے آگاہ رکھتی ہے۔ وہیں انہوں نے طلبا سے کہاکہ آپ کے اساتذہ مربی کا مقام رکھتے ہیں ان کا احترام و عزت کیجئے۔

اسکول کے ہیڈ بوائے  محمد افضل نے استقبال کیا اس کے بعد بچوں نے ویلکم ڈانس پیش کیا۔ اس موقع پر بہت سارے ثقافتی و ادبی پروگراموں کو طلبا نے دلچسپ اندازمیں پیش کیا۔ کھیل اور دیگر مقابلہ جات میں جیت حاصل کرنےو الے طلبا کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے۔ پرنسپال جان میاتھیو نے کالج کے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔ اسکول کی ہیڈ گرل مریم عنایت اللہ نے کلمہ تشکر پیش کیا۔ شیرور ٹرسٹ کے صدر سید حسن صاحب اس موقع پر موجود تھے۔


Share: